اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی سے سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی ہے ۔،گلگت بلتستان کے سٹیٹس میں تبدیلی اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال پر مشاورت کی گئی
وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ حریت قائدین اور مجاہدین کشمیر کی ترجمانی کا حق ادا کیا جاسکے ،جس طرح مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیری بھارتی جارحیت کا شکار ہیں اسی طرح میرا گھر اور حلقہ بھارتی جارحیت کا شکار ہے اس لیے مجھے کشمیریوں کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوششوں کو میں اپناملی فریضہ سمجھتا ہوں۔ بیس کیمپ کے اندر رواداری کے ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اور قومی ادارے جہاں بھی بات کرنے کا موقع ملتا ہے تحریک آزادی کشمیر کی بھرپور نمائندگی کرنے کی کوشش کرتا ہوں
اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ ان مظالم سے کشمیریوں کو نجات دلانے کے لیے موثر حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنا ہو گا ۔آ ل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کی روشنی میں احتجاجی مظاہرہ اور مشترکہ بیانیہ سامنے آیا ہے۔ اس کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے سفارتی سطح پر موثر حکمت عملی اپنا کر عالمی برادری کو کشمیریوں کی پشت پر لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ گلگت بلتستان کے موجودہ سٹیٹس کی تبدیلی کے حوالے سے پوری کشمیری قیادت کو تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود گلگت بلتستان کی پارلیمانی کمیٹی نے اسے مستردکیا ہے۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان کی قیادت سے مشاورت اور روابط کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بیس کیمپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ کشمیری قیادت اپنی تاریخی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے موثر کردار ادا کرے ۔بلدیاتی انتخابات کو صاف اور شفاف بنایا جائے ۔حد بندیوں کے حوالے سے عوام کی شکایات ہیں ان کا ازالہ کیا جائے۔ عوام کی اجتماعی رائے کا احترم کیا جائے۔ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں۔ ان کا انعقادہر صورت ہونا چاہیے۔ نادرا ریکارڈ کے مطابق آبادی کا درست تجزیہ نہیں کیا گیا اس کو درست کر کے آبادی کے مطابق حلقہ بندیاں کی جائیں ۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان کا قومی میڈیا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں کی بھرپور کوریج کرے۔ اس پر وزیر اعظم نے کہاکہ وہ اس کا اہتمام کروائیں گے۔