سید علی گیلانی مرحوم  کے گھر سے ایک دھائی بعد بھارتی فورسز کا پہرہ ہٹا دیا گیا


 سری نگر(کے پی آئی) قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی مرحوم  کے گھر واقع سری نگر سے ایک دھائی بعد بھارتی فورسز کا پہرہ ہٹا دیا گیا ہے ۔

سید علی گیلانی  مرحوم  نے سری نگر کے حیدر پورہ علاقے میں واقعہ اپنے گھر میں اپنی عمر کی آخری  ایک دھائی  نظر بندی میں گزاری۔دوران نظر  بندی یکم ستمبر 2021 کو سید علی گیلانی کا انتقال ہو گیا تھا۔

بھارتی فورسز نے  ان کے اہل خانہ کو بھی  تدفین کے عمل میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ سید علی گیلانی کی وفات کے بعد بھی ان کے گھر میں بھارتی فورسز کا پہرہ تھا۔ فورسز کی پکٹ ایک دھائی قبل قائم کی گئی تھی۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق  2010 میں عمر عبداللہ مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلی تھے ۔ ان کے دور میںحیدرپورہ، سرینگر میں مرحوم سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر پولیس اور سیکورٹی فورسز کا پہرہ لگایا تھا۔ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصہ بعد پہرہ  ہٹایا گیا ہے۔

سید علی گیلانی جن کی عمر 92 برس تھی یکم ستمبر2021 کی شب سرینگر میں وفات پا گئے تھے اور ان کی تدفین 2 ستمبر کو علی الصبح کر دی گئی تھی۔

ڈاکٹر نعیم نے، جو کہ سید علی گیلانی کے بیٹے ہیں، کہا ہے کہ ہمیں اپنے والد کی آخری رسومات کو اسلامی طریقے سے ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ ہمارا حق تھا لیکن وہ ہم سے چھین لیا گیا۔ ہم اس کی وجہ سے بہت افسردہ ہیں۔سید  علی گیلانی پانچ دھائیوں تک جموں وکشمیر کے سیاسی منظر نامے پر چھائے رہے۔

مجموعی طور پر انہوں نے اپنی زندگی کا 14 سال سے زیادہ کا عرصہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں گزارا جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے وہ اپنے گھر میں نظربند تھے۔گیلانی کشمیر میں 15 سال تک اسمبلی کے رکن رہے۔

وہ اسمبلی کے لیے تین بار 1972، 1977 اور 1987 میں سوپور کے حلقے سے جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 30 اگست 1989 کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیا۔سید علی گیلانی نے جماعت اسلامی میں مختلف مناصب بشمول امیر ضلع، ایڈیٹر اذان، قائم جماعت اور قائم مقام امیر جماعت کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ 30 سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں۔

جماعت اسلامی  کے مشورے سے انہوں نے  تحریک حریت  قائم کی تھی۔انہوں نے جموں و کشمیر میں مزاحمتی حامی جماعتوں کی ایک جماعت کل جماعتی حریت کانفرنس  کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، تاہم گذشتہ برس جون میں انہوں نے اس فورم سے مکمل علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔