کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ مادی ترقی اور دنیا گلوبل ویلج بننے کے باوجود خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یورپ اور امریکا میں خواتین کی نمائش ہوتی ہے اور ان کی عزت و آبرو سے کھیلا جاتا ہے۔ انڈیا بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں عورتوں کے خلاف نفرت اور جرم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں جب سے ”میرا جسم میری مرضی” جیسی نام نہاد تحریکیں حقوق نسواں کے نام پر شروع ہوئی ہیں، خواتین کے خلاف جرم بڑھ رہے ہیں۔ نورمقدم کے بہیمانہ قتل کا واقعہ اس کی حالیہ مثال ہے۔ جب تک دنیا قرآن کے نظام کو نہیں اپنائے گی، امن و سکون کا گہوارہ نہیں بن سکے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوںنے گلشن اقبال کراچی میں حلقہ خواتین کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم کا کہنا تھا کہ اللہ کا دیا گیا نظامِ رحمت خواتین کے حقوق کا ضامن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خود عورتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قرآن کریم میں بار بار احکامات جاری کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ یوم خواتین کے موقع پر عورتوں میں بیداری اور انھیں اسلام کے اصولوں سے روشناس کرانے کے لیے بھرپور آواز بلند کی جائے۔