میرپور (صباح نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی کے 16ویں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اتھارٹی کے 22۔2021 کے تخمینہ 429.478 ملین روپے، متاثر ین منگلا ڈیم کے 8080ذیلی کنبہ جات کے لئے نیوسٹی، اسلام گڑھ،چکسواری، ڈڈیال سیاکھ میں آبادی کاری کے لئے ٹاون شپس کی تعمیر کے لئے فیز وائز پی سی ون کی تیاری کی اصولی منظوری، ایوارڈ شدہ رقبہ کے معاوضہ پر سالانہ 6 فیصد منافع،ڈڈیال میں ایم ڈی ایچ اے کے گرلز اور بوائز ہائی سکولز کی عمارات میں مسٹ یونیورسٹی کیمپس کے قیام، ایم ڈی ایچ اے کے ملازمین کی پنشن اور مراعات، تعمیر گوشت سبزی مارکیٹ،منگلا ڈیم کے زیر اہتمام ٹانز سے پرائیویٹ رقبہ جات کے لیے راستے ماسٹر پلان کے مطابق پریس کلب ہا کے لیے مختص اراضی محکمہ اطلاعات کے ذریعے دینے کی منظوری دے دی۔جبکہ منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی کے متعلقہ دیگر معاملات کے حل کے لیے مختلف کمیٹیاں قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے یہ منظورریاں منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے 16 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، ممبر اسمبلی چوہدری یاسر سلطان، ممبر اسمبلی چوہدری قاسم مجید،وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، سپیشل سیکرٹری فنانس مرزا خالد محمود، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشا نقشبندی،کمشنر چوہدری محمد رقیب خان، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی ساوتھ، ڈائریکٹر اسٹیٹ ایم ڈی ایچ اے چوہدری طالب حسین، ڈائریکٹر ورکس ایم ڈی ایچ اے انعام الحق کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس سے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کی معاشی و اقتصادی،توانائی،زرعی ترقی اور خوشحالی جو قربانیاں دی ہیں ان کا کوئی صلہ نہیں دے سکتا۔متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری کا وعدہ پی ٹی آئی نے کیا تھا جو پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے۔انھوں نے کہا کہ منگلا ڈیم ہاسنگ اتھارٹی قومی اور ریاستی مفاد میں بھرپور اقدامات اٹھائے۔متاثرین کے ذیلی کنبہ جات اور بنائے گئے ٹانز میں بقیہ ترقیاتی کام مکمل کروائے۔
پی ٹی آئی کی حکومت اداروں کو مستحکم کرنا چاہتی ہے۔رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے لیے میں نے بڑی جنگ لڑی ہے میری آنی جانی کا مقصد لوگوں کی فلاح و بہبود پر کام کرنا ہے اور ریاست کے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔میرا عوامی خدمت کے علاوہ کوئی ایجنڈہ نہیں ہے۔اگر حکمران اور اداروں سے وابستہ لوگ مخلص ہوں تو کوئی پراجیکٹ ناکام نہیں ہوتا۔ لہذا اداروں کے متعلقین اپنے اپنے اداروں میں خرابیاں پیدا نہ ہونے دیں اور عوامی خدمت خلق کے جذبہ کے تحت لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے توجہ دیں۔