باصلاحیت نوجوان فری لانسرز کو سہولیات کی فراہمی سے زرِ مبادلہ میں اضافہ ممکن ہوگا،عمران خان


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم عمران کی زیرِ صدارت ترجیحی شعبوں کے تحت آئی ٹی شعبے میں دی جانے والی مراعات پر اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، حماد اظہر, چیئر مین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارتی عامر ہاشمی اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت.

اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی،اجلاس کو آئی ٹی سٹارٹ-اپس، صنعتی شعبے اور موجودہ آئی ٹی کمپنیوں کیلئے موجودہ حکومت کی دی جانے والی سہولیات کے نفاذ پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے حال ہی میں دیے گئے انڈسٹریل و آئی شعبے کے پیکیج پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے. ملک میں فری لانسسزر کی تعداد میں حکومتی اقدامات کی بدولت خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، حالیہ اعلان کردہ سہولیات کی بدولت اس میں مزید اضافہ ہوگا.

فری لانسرز کی ون-سٹیپ رجیسٹریشن پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ پورٹل سے یقینی بنائی گئی ہے جس کی فیڈرل بورڈ آف رینیو سے رجسٹریشن خودکار ہوگی،اسکے علاوہ فری لانسنگ کے ذریعے بیرونِ ملک سے حصول کردہ رقوم کی پاکستان میں با آسان ترسیل کیلئے بنکنگ چینلز تک رسائی کیلئے اسٹیٹ بنک ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنا رہا ہے،

اسکے علاوہ آئی ٹی کمپنیوں کو حکومت کی طرف سے دی گئی ٹیکس پر چھوٹ سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے بھی نظام جلد فعال بنا دیا جائے گا. مزید برآں کمرشل بنکس کے ذریعے منظور شدہ سہولیات و مراعات کی یقینی فراہمی کیلئے بھی باقاعدہ راہنمائی جلد فراہم کی جا ئے گی،وزیرِ اعظم نے حکومت کی طرف سے اعلان کردہ سہولیات و مراعات کی فری لانسرز و آئی ٹی کمپنیوں اور صنعتوں کو فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر معینہ مدت میں عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں،

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ذیادہ استعداد والے شعبوں کو مراعات فراہم کر رہی ہے،صنعتی اور آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے حکومت نے تاریخی پیکیج دیا،انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملکی نظام میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے سہولیات بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی ہیں ،عمران خان نے کہاکہ باصلاحیت نوجوان فری لانسرز کو سہولیات کی فراہمی سے زرِ مبادلہ میں اضافہ ممکن ہوگا. وزیرِ اعظم نے کہاکہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔۔