اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو ایمان مزاری کی گرفتاری سے روک دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کی دائر درخواست پر سماعت میں احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس کو ایمان مزاری اور دیگر کی گرفتاری سے روک دیا۔

ایمان مزاری کی دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ ایف آئی آر کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کی جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس کو پیر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی کا طالب علم لاپتہ ہوا جس کے لیے احتجاج کیا جارہا تھا، طلبا کے مظاہرے پر پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا گیا، احتجاج کے دوران پولیس آپریشن میں درجنوں طالب علم زخمی ہوئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا کو تو سننا چاہئے، بلوچ طلبا کی آواز دبانے والوں کے خلاف بغاوت کے پرچے ہونے چاہئیں۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایڈووکیٹ ایمان زینب مزاری بلوچ نے اپنے خلاف درج کیا گیا مقدمہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، ایمان مزاری کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں ایف آئی آر کی کاپی فورا فراہم کرنے اور کارروائی معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

گذشتہ روز قائدِ اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طالب علم کی جبری گمشدگی کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں نیشنل پریس کلب کے باہر زیرِ تعلیم بلوچ طلبا نے احتجاجی کیمپ لگایا جس میں بلوچ سٹوڈنٹس کونسل کے رہنماؤں، ایم این اے محسن داوڑ اور وفاقی وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری کی صاحبزادی ایڈووکیٹ ایمان زینب مزاری بلوچ نے بھی شرکت کی اور اپنے 2 طالب علم ساتھیوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

اس احتجاج کے خلاف وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری اور ایم این اے محسن داوڑ سمیت احتجاج میں شریک سینکڑوں طلبا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر سیل کر دی گئی ۔