اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہر دفعہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے، شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمار ے لئے خوبصورت بنایا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو کہوں گا ایک فری بوکس دے دوں گا اس میں بیٹھ کر میچ دیکھیں اور لائحہ عمل بھی طے کریں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت اور پاکستان کی اسپورٹس کو آگے بڑھانا چاہیے، بھارت کے ساتھ لوگوں کا رابطہ بحال ہونا چاہیے،پاکستان بھارت کرکٹ کو بھی بحال ہونا چاہیے۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ 24سال بعد پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹاکرا راولپنڈی میں بابر اعظم اور ٹیم پاکستان آپ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمار ے لئے خوبصورت بنایا پاکستان آپ کیلئے چشم براہ تھا۔
توقع ہے کہ یہ میچ یادگار ہو گا۔پاکستان میں متعین آسٹریلیا کے ہائی کمشنرکا شکریہ جنہوں نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے کیلئے بہت محنت کی۔