ملتان(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ پیکا قانون فیک نیوز کی آڑ میں ایک ہتھیار ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ حکومت سے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ ترمیمی آرڈیننس واپس لینا کا مطالبہ کرتا ہے۔عدالت، صحافتی تنظیموں، سول سوسائٹی اور تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے پیکا قانون پر سوالات اٹھائے ہیں،پیکا قانون فیک نیوز کی آڑ میں ایک ہتھیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون میں فیک نیوز کی تشریح کئے بنا تنقید کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ یہ قانون غلط خبروں کی روک تھام کے لئے ہوتا تو پارلیمان میں بل پیش کیا جاتا۔ آزادی اظہار پر قدغنیں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت پیکا آرڈیننس واپس لے۔