راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا،عالمی سطح پر پاکستان کا دیرینہ موقف کمزور ہو گا ،مودی کے اقدامات کے بعد کونٹر روڈ میپ دینا چاہیے تھا ایسے اقدامات جن سے شکوک و شہبات جنم لیں اور مقبوضہ کشمیر کے اندر مایوسی کا پیغام جائے ان سے اجتناب کرنا چاہیے ،آج تقسیم کشمیر کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے عوام بھرپور احتجاج کریں ،جماعت اسلامی آج ریاست گیر مظاہرے کرے گی،
ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر پوری قوم اور تمام جماعتیں ایک ہیں آزادکشمیر حکومت اس اہم مسئلے پر اسمبلی کا اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل عوام کے سامنے لائے حکومت پاکستان سینیٹ سے عبوری صوبے کا بل واپس لے.
انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کیاجائے تا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں ۔