اسلام آباد(صباح نیوز) متحدہ اپوزیشن کی 9 رکنی کمیٹی نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی سفارش کردی۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی 9 رکنی کمیٹی نے حکومت کے خلاف تحریک عتماد لانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ نمبر گیم پورے ہیں جلد از جلد تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔
ذرائع کے مطابق ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن کمیٹی میں ن لیگ کی نمائندگی کی جبکہ یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف اور نوید قمر نے پیپلزپارٹی کی نمائندگی کی، کامران مرتضی، مولانا اسعد محمود، اکرم درانی نے جے یو آئی کی نمائندگی کی۔
کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتوں نے حکومتی اراکین کے ساتھ پیش رفت کمیٹی کے سامنے رکھی اور کہا کہ کمیٹی نے تحریک عدم اعتماد کے لییے حکمت عملی اور نمبر گیم پر کام کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی ارکان کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کے بغیر باآسانی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوسکے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید نے دعوی کیا تھا کہ اپوزیشن میں عدم اعتماد پر ڈیڈ لاک ہوگیا ہے۔