راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو آئینی صوبے کا درجہ دینا ریاست جموں وکشمیر کی وحدت پر وار ہے کشمیری اس کو مسترد کرتے ہیں ،گلگت بلتستان کے عوام کوآزادکشمیر طرز کا باوقار اور با اختیار نظام حکومت فراہم کیا جائے ،صوبائی سٹیٹس اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی نفی ہے ایسا اقدام تقسیم کشمیر کی سازش ہے جماعت اسلامی اس کو یکسر مسترد کرتی ہے
ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی نائب امیر سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،امیر ضلع پونچھ سردار زاہد رفیق ایڈووکیٹ،قیوم افسر و دیگر موجود تھے
،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان اور مقبوضہ جموں وکشمیر ریاست جموں وکشمیر کی اکائیاں ہیں کشمیریوں کی مرضی کے خلاف کوئی بھی ایسا حل شہداء کے مقدس لہو سے غداری ہے اس سے ہندوستان کے 5اگست2019ء کے اقدامات کو جواز فراہم ہو گا اگر کوئی بھی حل کشمیریوں پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی توجماعت اسلامی اس کے خلاف مزاحمت کرے گی ، حکومت پاکستان اس حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدام سے گریز کرے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی تکمیل بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں شہ رگ کو دشمن کے قبضے سے چھڑانے کی بجائے تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کرنا ریاست پاکستان کی نظریاتی بنیادکے خلاف سازش ہے ایسے کوئی بھی اقدام کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان سے والہانہ محبت کمزور کرنے کا باعث بنے گا
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے وہ وحدت کشمیر حق خودارادیت سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔
دریں اثناء جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر نے گلگت بلتستان کے معاملے پرکشمیری قیادت سے ٹیلی فونگ رابطہ کیا ہے ۔
ترجمان جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مطابق ٹیلی فونگ رابطے میں،گلگت بلتستان کے سٹیٹس میں تبدیلی بارے مشاورت کی گئی
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر خالد محمود خان کی تجویز یہ کہ آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرکے سینٹ میں پیش ہونے والے بل کو مسترد کیا جائے،اس پر کشمیری قائدین نے کہا کہ ریاست کی وحدت ،اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مغائر کوئی بھی فیصلہ جس سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے کشمیری اسے قبول نہیں کریں گے
ڈاکٹر خالد محمود خان نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ ایسے کسی بھی اقدام پر جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی ۔