دشمن کی کسی مہم جوئی پر ردعمل کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، نیول چیف


کراچی(صباح نیوز) نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی پر بھرپور ردعمل کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے بحری مشق سی اسپارک 2022 کے دوران بحری جہازوں، کوسٹل اور کریکس کے علاقوں اورماڑہ، سجاول اور شاہ بندر میں نیول تنصیبات کا دورہ کیا۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ امیرالبحر نے کھلے سمندر میں پی این ایس طغرل اور طارق کا دورہ بھی کیا اور مشق کی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کہ امیر البحر نے ملکی سمندری حدود کے دفاع میں افسران اور جوانوں کی بے لوث لگن اور عزم کو بھی سراہا۔

چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی پر بھرپور ردعمل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔