تحریک عدم اعتماد ق لیگ کے بغیر بھی کامیاب ہوجائے گی، شاہد خاقان عباسی


کراچی (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما، سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد چوہدری برادران کے بغیربھی کامیاب ہوجائے گی، مسلم لیگ ق نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اقتدارکے ساتھ رہے گی یا عوام کے ساتھ، نیب کو اسد منیر کے اہلِ خانہ کو جواب دینا پڑے گا، نیب دو الفاظ ہی کہہ دے کہ ہم سے غلطی ہوئی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کا احترام ہے، انکی سیاست سے اتفاق نہیں، ان کو اقتدار کی نہیں بلکہ عوام کی سیاست کرنی چاہئے، چوہدری برادران سے سب کی ملاقاتیں اچھی رہتی ہیں، انہوں نے فیصلہ کرنا ہے عوام کے ساتھ ہیں یا حکومت کیساتھ، عدم اعتماد ق لیگ کے پانچ اراکین کے بغیر بھی کامیاب ہوجائے گی، ہمارے پاس تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے ہیں، ہمارا کام دعوت دینا تھا، فیصلہ چوہدری برادران کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اقتدار کا کوئی شوق نہیں، یہ پہلی حکومت ہے جس نے دعوے کیے تھے کہ احتساب کریں گے۔

انہوں  نے کہا کہ چیئرمین نیب نے جو کچھ کیا اس کا ان کو جواب دینا پڑے گا، پچھلے کئی سال سے ہم کہہ رہے ہیں کہ نیب نے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے کاروبار اور معیشت کو تباہ کیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل مقدمہ ختم کر دیا، جس کی منظوری چیئرمین نیب نے دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو اسد منیر کے اہلِ خانہ کو جواب دینا پڑے گا، نیب کم سے کم دو الفاظ ہی کہہ دے کہ ہم سے غلطی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں صرف سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کے کیس ہیں، اگلی جو حکومت آئے گی نیب کو بند کرے گی کیونکہ اس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو تباہ کردیا ہے۔