وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات


لاہور (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے چوہدری برادران سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران  وزیراعظم کو چوہدری برادران نے یقین دلایا گیا کہ ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان چوہدری برادران کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے مسلم  لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی سے ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان نے چوہدری  شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دعاگو ہوں کہ اللہ تعالی آپ کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔ چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا،ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق سے مشکل وقت میں ساتھ نہ چھوڑنے کی درخواست کی۔وزیراعظم اور چوہدری برادران کے درمیان ملاقات 30 منٹ سے زائد جاری رہی ،وزیراعظم اور چوہدری برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزراء ، فواد چوہدری، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر ، پی ٹی آئی ایم این اے عامر ڈوگر، مشیر تجارت عبد الرزاق داود بھی ملاقات میں شریک ہوئے جبکہ ق لیگ کی جانب سے ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری مونس الہی، چودھری سالک، شافع حسین، حسین الہی، منتہی اشرف، محمد خان بھٹی، طارق بشیر چیمہ بھی شریک ہوئے۔

دریں اثناء میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے   دوران چوہدری برادران نے وزیراعظم کو یہ یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کے ساتھ سیاست کریں گے، عدام اعتماد کی باتیں افسانے ہیں۔  چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو بتا دیا تھا عمران خان کو ہٹا نہ سکے تو وہ پہاڑ پر اور ہم زمین کے نیچے دھنس جائیں گے، چودہ سال بعد شہباز شریف کو ہمارا خیال آگیا۔چوہدری برادران نے کہا کہ ایسی چال کا کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو۔