محسن بیگ کے دونوں ملازمین کی ضمانت منظور


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے محسن بیگ کے دونوں گھریلو ملازمین کی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے محسن بیگ کے محمد اشفاق اور ذوالفقار نامی ملازمین کو ایک، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دے دیا۔اس سے قبل عدالت کی جانب سے محسن بیگ کے ملازمین کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو اب سنایا گیا ۔

شہباز کھوسہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ محمد اشفاق اور ذوالفقار دونوں محسن بیگ کے ملازمین ہیں۔پراسیکیوٹر طیب شاہ نے کہا کہ یہ ٹرائل میں معلوم ہو گا کہ ان ملزمان کا مقدمے میں کیا کردار ہے، 2 گواہ زخمی ہیں، ان کے بیانات بھی لئے گئے

پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔دورانِ سماعت عدالت میں مقدمے کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔