صحافی محسن بیگ نے ایف آئی اے کا مقدمہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،وفاق ودیگر کو نوٹس


کراچی(صباح نیوز)صحافی محسن بیگ نے ایف آئی اے کے مقدمہ کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ عدالت نے محسن بیگ کی درخواست پرایف آئی اے،وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کردئیے گئے ۔

سندھ ہائی کورٹ میں صحافی محسن بیگ کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ہے کہ آئندہ سماعت تک ایف آئی اے کو محسن بیگ کے خلاف کارروائی سے روکا جائے۔عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار اس وقت کہاں ہیں۔اس پروکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ محسن بیگ اس وقت اڈیالہ جیل میں ہیں۔عدالت نے کہا کہ ملزم جیل میں ہیں، اس سے بڑی کارروائی کیا ہوسکتی ہے،ہم جمعہ کو کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔

لطیف کھوسہ نے بتایا کہ محسن بیگ پر 2 مقدمات درج تھے اور ایک میں ضمانت ہوگئی جبکہ ایک مقدمہ لاہور اوردوسرا مقدمہ اسی ہی دن کراچی میں درج کرلیا گیا۔ محسن بیگ کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں منی لانڈرنگ اور مزید دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ محسن بیگ کے محض ایک بیان پر کارروائی کی جارہی ہے،ان کے موکل نے صرف صحافتی ذمہ داری ادا کی اوروفاقی وزیر مراد سعید کی کارکردگی سے متعلق سوال پر محض اتنا کہا وہ ریحام خان کی کتاب میں لکھا ہوا ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے فریقین سے 4 مارچ کوجواب طلب کرلیا۔