پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی حکومت کیخلاف مزار قائد  سے لانگ مارچ کا آغاز


کراچی(صباح نیوز) پی ٹی آئی حکومت کیخلاف بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا، مارچ میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی لانگ مارچ کے آغاز میں ہی” گو سلیکٹڈ گو” کا نعرہ لگا دیا۔

عوامی لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں مزارِ قائد پہنچے، جہاں انہوں نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔ شہر قائد میں جیالے انتہائی پرجوش نظر آئے، کراچی میں ہر طرف پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور قد آور پینا فلیکس آویزاں کئے گئے ۔مارچ میں شرکت کیلئے مختلف علاقوں سے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے رہائش گاہ سے روانگی سے قبل بلاول کو امام ضامن باندھا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول کے ہمراہ تھے۔عوامی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے مزارِ قائد پہنچنے والے پیپلز پارٹی کے ورکرز نے بلاول بھٹو زرداری کا وزیرِ اعظم بلاول بھٹو کے نعروں سے بھرپور استقبال کیا۔

سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے پرجوش نعرے لگائے،پی پی پی کے کارکنوں کے فلک شگاف نعروں سے مزارِ قائد کے اطراف کا علاقہ گونج اٹھا۔لانگ مارچ کے شرکا نے مزارِ قائد پر وکٹری کا نشان بنا کر بلاول بھٹو زرداری سے یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔پیپلز پارٹی کے ورکرز کے فلک شفاف نعروں، خیر مقدمی نغموں اور ترانوں نے جیالوں کا لہو گرما دیا۔عوامی لانگ مارچ کے شرکا کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد جانے اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہر قربانی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

عوامی لانگ مارچ کے شرکا کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد جانے اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہر قربانی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا آخری پڑاؤ راولپنڈی میں ہو گا ۔

باغ جناح کراچی میں پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا عوامی مارچ حکومت کیخلاف اعلان جنگ ہے، ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو ا ، اسلام آباد پہنچ کرحکومت پرحملہ کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک نالائق نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے حق پر ڈاکا مارا ہے، عمران خان نے معیشت کا بیڑا غرق اور جمہوریت کاجنازہ نکال دیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی محنت کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت چلتی ہے لیکن سلیکٹڈ نے عوام کے ووٹ،جیب اور پیٹ پر ڈاکا مارا ، اب وقت آگیا ہے کہ کٹھ پتلی کو جانا ہے، ہم 1973کے آئین کا تحفظ کریں گے، ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ  کراچی کے عوام نالائق اور نااہل حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں، مراد علی شاہ اور حکومتِ سندھ کے ہاتھ پا ئوں بندھے ہیںلیکن سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود کراچی کے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا وقت آ گیا ہے، ہمارا مارچ   سے  بنی گالا سے چیخیں آئیں گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کے لیے نکلے ہیں اور ہم نہ صرف 1973کے آئین کا تحفظ کریں گے بلکہ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا بھی تحفظ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوا ہے وہ پیپلز پارٹی دور میں ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ کر یں گے لیکن 3 سال میں عمران خان نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ سلیکٹڈ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھگائیں گے اورعوامی حکومت آئے گی۔ پھر سارے صوبوں کو ان کا حق ملے گا لیکن جب تک یہ کٹھ پتلی ہے ترقی نہیں ہو سکتی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد لے کر آئیں۔

ٹھٹھہ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہم اسلام آباد پہنچیں گے لیکن کسی کو غیرقانونی حملے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم ٹی وی پرآکر کہتا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے مگر اب وزیراعظم کے گھبرانے کا وقت شروع ہوگیا ہے۔بلاول نے کہا کہ اس کٹھ پتلی سے بھی ہرایک ظلم اورزیادتی کاحساب لیں گے، جن کے پاس چھت اور روزگار تھا نااہل حکمرانوں نے وہ بھی چھین لیا، عوام سے پوچھتاہوں کہ تین سال گزرگئے کیا مہنگائی ختم ہوگئی ہے، کٹھ پتلی کہتاہے کہ عوام کو بتاوکہ مہنگائی نہیں ہوئی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے سامنے ناجائز، نااہل و نالائق وزیر اعظم ہے جس کو جیالے گھر بھیجنے کے لیے تیار ہیں،  سجاول کے عوام کو بھی نیا پاکستان پسند نہیں آیا، عمران نے ایک کروڑ نوکری دینے کا وعدہ کیا لیکن ایک نوکری بھی سجاول کو نہیں ملی،  پچاس لاکھ میں سے ایک بھی گھر نہیں ملا، نااہل حکمرانوں نے  تبدیلی کے نام پر تباہی مچا دی ہے،  کٹھ پتلی کے دور میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کر لیا اب نااہل حکومت کو ایک دن برداشت نہیں کرسکتے، کراچی، ٹھٹھہ اورسجاول نے فیصلہ سنا دیا ہے ہر شہری کا مطالبہ ہے کہ گو سلیکیٹڈ گو ہے، ہم حکومت سے ہر ظلم کا حساب لیں گے، عمران خان کو خود مستعفی ہو جانا چاہیے ورنہ جمہوری طریقے سے اس غیرجمہوری شخص کو گھر بھیجیں گے

دریں اثنا عوامی مارچ اسٹیل مل کے سامنے رکا جہاں بلاول بھٹو زرداری نے اسٹیل مل کی نجکاری نہ ہونے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل مل کے دروازے ملازمین کے لیے ہم کھولیں گے

اس موقع پر میاں رضا ربانی نے کہا کہ قائد اعظم کا مزار وہ جگہ ہے جہاں سے شہید بھٹو نے ایوب خان کی خلاف علم بغاوت بلند کیا، آج اسی جگہ سے پیپلز پارٹی وفاق کا سودا کرنے والی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑی ہے، عوام کا سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی سے خیبر تک اور کوئٹہ سے لاہور تک پاکستان کے عوام نے حکومت کی خلاف علم  بغاوت اٹھالیا ہے۔