لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے ہم تحریک عدم اعتمادپاکستان کے 22کروڑ عوام کی خواہش کے پیش نظر کررہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس طرف آگے بڑھیں گے یہ ہماراآئینی حق اور سیاسی حق ہے، اس حق کو استعمال کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، انشاء اللہ جب تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا وقت آئے گا تو میڈیا کو بتادیں گے۔ نیازی نیب گٹھ جوڑ نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اگر میرے خلا ف عوامی پیسوںمیں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو مجھے قبر سے نکال کر سزا کے طور تختہ دار پر لٹکا دیں
ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی نیب گٹھ جوڑ نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ایسے ، ایسے بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا جس میں احدچیمہ شامل ہے ، فواد حسن فواد شامل ہے ، جس ہماری پارٹی کے زعماء شامل ہیں، میرے خاندان کے افراد شامل ہیں، کس طرح نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اس ملک کو اور ملک کی معیشت کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی اورچین جیسے ملک کو ناراض کرلیا۔ میرا10ارب روپے ہرجانے کا کیس عمران خان کے خلاف عدالت میں ہے اوروہاںپران کے وکیل ہی نہیںآتے اور جواب جمع نہیں کراتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں قبر میں چلا جائوں گااگر میرے خلا ف عوامی پیسوںمیں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو مجھے قبر سے نکال کر سزا کے طور تختہ دار پر لٹکا دیں۔ ساڑھے تین سال ہو گئے اور عمران نیازی گٹھ جوڑ الٹے ہو گئے ہیں اوردن رات الزام لگاتے ہیں فلاناں چائے والا، بھائی تمہارے فارن فنڈنگ میں چائے والے کدھر گئے، وہ کالی چائے پیتے ہیں یا دودھ والی چائے پیتے ہیں۔ کسی دوسرے پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکو۔شہبازشریف نے کہا کہ جس طرح بھنگ پینے والے کوبھنگ پینے کی عادت پڑجاتی ہے مجھے عوام کے پیسے بچانے کی عادت پڑگئی تھی۔کم ترین بولی میں صاف پانی کے ٹھیکے دئیے اوریہ جرم صرف عوام کے لئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاناما میں10 ارب مانگنے والے اب عدالت ہی نہیں آتے۔این سی اے نے میرے سوئس بنکوں سے متعلق چیک کیا،سوئٹزر لینڈ سے خط آیا کہ شریف نام کا کوئی بنک اکاؤنٹ نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم تحریک عدم اعتمادہم پاکستان کے 22کروڑ عوام کی خواہش کے پیش نظر کررہے ہیں، حکومت نے غریب عوام کا بھرکس نکلا دیا ہے اور وہ اس وقت ایک وقت کی روٹی سے قاصر ہے ، زندگی اس کے اوپر تنگ ہے،بیمار ماں، باپ یا بہن کے لئے دوائی نہیں لاسکتے، تعلیم کے لئے پیسے نہیں ہیں، دودھ پیتے بچے کے لئے پیسے نہیں ہیں، اس وقت آسمان سے مہنگائی باتیں کررہی ہے، غربت اوربیروزگاری اس وقت آسمان سے باتیں کررہی ہے، اس لئے تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس طرف آگے بڑھیں گے یہ ہماراآئینی حق ہے اور ہماراسیاسی حق ہے، اس حق کو استعمال کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، انشاء اللہ جب تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا وقت آئے گا تو میڈیا کو بتادیں گے۔ بطور وزیر اعظم نامزدگی کے حوالے سے پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف اورپارٹی مشاورت سے فیصلہ کریں گے اور جو وہ حکم دیں گے میں وہی کروں گا۔
وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس کے حوالے سے سوال پر شہباز شریف نے کہاکہ دنیا کے جو ممالک ہیں اورخاص طور پر ہمارے جو ہمسایہ ممالک ہیں یا قرب وجوا ر میں ہیں ان سے ہمیں تعلقات ٹھیک کرنے میں یقینا بحیثیت قوم اپنا کردار اداکرنا چاہئے لیکن اس کے لئے میں سمجھتا ہوں کہ نقل کے لئے بھی عقل چاہئے۔