صدر کا امریکہ کیساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کااعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان کی جانب سے امریکہ کے ساتھ تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کااعادہ کیا ہے۔

 اسلام آباد میں امریکہ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت جغرافیائی اقتصادی تعاون پر توجہ مرکوز رکھنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کے ساتھ تجارت اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مواقع تلاش کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لائیں جو غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔