اسلام آباد میں صدر آزاد کشمیرکی قیادت میں کشمیر ریلی کا انعقاد


اسلام آباد(صباح نیوز) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے  اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں کشمیر ریلی نکالی گئی۔

ریلی نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے شروع اورڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکانے اپنے ہاتھوں میں آزادکشمیر کے جھنڈے اورپلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔

واضح رہے کہ صدر بیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے آزادی کے بیس کیمپ کی کل جماعتی کشمیر کانفرنس 30جنوری کوکشمیر ہاوس اسلام آباد میں بلائی تھی جس میں مسئلہ کشمیر کو اندرون اور بیرون ملک جارہانہ انداز میں اٹھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ کل جماعتی کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں پہلے مرحلے میں آج اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی منعقد کی گئی۔

ریلی میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچے۔ کشمیر ریلی میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع سے خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ کشمیر ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ وکلائ، ٹریڈ یونینز اور سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ شرکانے کشمیر کی آزادی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ہے۔

مقررین نے اس موقع پر مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے5 اگست 2019 کے تمام یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیںاورتنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔

ریلی سے صدر آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کے علاوہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر، سابق وزیراعظم سردار عتیق خان، سابق صدر سردار یعقوب خان،صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس،حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، صدر پیپلز پارٹی چوہدری محمد یاسین، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر، صدر جے کے پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود، صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال، عبدالرشید ترابی، عبدالحمید لون، مولانا سعیدیوسف اور مولانا امتیاز صدیقی نے خطاب کیا۔