چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)ینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی )کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے  بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر  ناجی بینہسین سے ملاقات کی جس میں CRISP پراجیکٹ پر پیش رفت  کے حوالے سے  تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پراجیکٹ کے مقاصد اور بی آئی ایس پی کی جانب سے اہم اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ملاقات کے دوران، CRISP پروجیکٹ کے تحت DLIs کی کامیابیوں، مستحق افراد کی رجسٹریشن کے عمل کے لیے BISP عملے کی بھرتی، اور NSER سوالنامے کے جامع جائزہ پر بات چیت ہوئی۔ دیگر موضوعات میں یونین کونسل (UC) کی سطح پر BISP کی خدمات کو وسعت دینا، سائبر سیکیورٹی چیلنجز کے لیے پائیدار حل تلاش کرنا، اور BISP کے آپریشنز سے متعلق کئی دیگر اہم مسائل کو حل کرنا شامل  تھا۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے  پروگرام میں مستحق افراد  کی رجسٹریشن کے عمل کو مثر طریقے سے آسان بنانے کے لیے نوجوان، توانا عملے کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے بی آئی ایس پی کی جاری کوششوں بالخصوص  بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے غربت سے نمٹنے  کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس پروگرام کا مقصد مستحق افراد کو ہنر کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ملازمت کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی اس  حوالے سے  منسٹری اوورسیز اور نیوٹیک  جیسے تکنیکی اداروں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے ۔مزید برآں، اجلاس میں بی آئی ایس پی بورڈ میں تمام صوبوں کی مساوی نمائندگی کی ضرورت کے ساتھ ساتھ بی آئی ایس پی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان صحت اور تعلیم کے اقدامات پر مشاورت کی اہمیت پر بھی غور کیا گیا۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو ورلڈ بینک کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور بی آئی ایس پی کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ٹیموں نے موجودہ خلا اور چیلنجوں کی نشاندہی کرنے اور ان سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔