اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ اوورسیزپاکستانی ہمارے سروں کا تاج ہیں،ملکی معیشت میں ان کا اہم کردار ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت ان اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کچھ کرے، اس لیے اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن ہو رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں اوورسیزپاکستانی کنونشن سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان میں اس لیول کا کنونشن ہورہا ہے جس میں مختلف سیکٹرز میں کام کرنے والے اوورسیز پاکستانی شرکت کررہے ہیں، انجینئرز، ڈاکٹرز، وکلا، جرنلسٹ اس کنونشن میں شریک ہیں، جو پروفیشنل لوگ ہیں۔
عطاتارڑ نے کہا کہ یہ کنونشن اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے بڑی محنت سے اپنا نام بنایا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سروں کا تاج ہیں، ان کی بدولت ہی پاکستان نے نہ صرف ترقی کی ہے بلکہ ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے، انہیں سلام پیش کرتے ہیں، جن اوورسیز پاکستان نے کنونشن میں شرکت کی ہے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چند بھگوڑے بیرون ملک بیٹھے ہیں، جن کا کام ہی سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانا ہے، اس کنونشن سے ان بھگوڑوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کے لیے جو کچھ کیا ہے اس کے بدلے میں ان کے لیے حکومت کچھ کرے۔وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیک آف کر رہا ہے، اڑان پاکستان منصوبے کے تحت پاکستان مزید ترقی کرے گا۔