آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائز ویلفیئر ایشن اور بی آئی ایس پی آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدور اور کابینہ کی حلف برداری تقریب

اسلام آباد(صباح نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام  آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائز ایسوسی ویلفیئر ایشن اور بی آئی ایس پی آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدور اور  کابینہ حلف برداری کی  تقریب  کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدرارت چیئرپرسن بی آئی ایس  پی سینیٹر روبینہ خالد نے کی جبکہ  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی  شریک ہوئے۔

تقریب میں دیگر سیاسی رہنماوں، سرکاری  ملازمین کی تنظیموں کے رہنما اور بی آئی ایس پی فیلڈ سٹاف  کی ایک بڑی تعداد  موجود تھی۔  اس موقع پر شرکا سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے گورنر پنجاب سرادار سلیم حیدر نے نومنتخب اراکین کو جمہوری  عمل کے تحت الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی۔سردار سلیم حیدر نے کہا کہ  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام   پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کررہا ہے۔

بی آئی ایس پی  ایک مقدس ادارہ ہے جس کے ملازمین نے بھرپور محنت  ،لگن اور ذمہ داری سے مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سینیٹر روبینہ خالد کے بطور چیئرپرسن عہدہ سنبھالنے کے بعد ادارے نے ترقی کا سفر طے کیا۔انہوں نے ملازمین کو ادارے کی  بہتری کیلئے مخلصی ، نیک نیتی اور حلال روزی کمانے کی تلقین کی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے اختتامی کلمات  میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا بی آئی ایس پی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا ۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ  بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ویژن ہے جس کی بنیاد انہوں نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران رکھی تھی۔ انہو ں نے کہا بی آئی ایس پی مستحق گھرانوں کو نہ صرف مالی معاونت فراہم کررہا ہے بلکہ اس پروگرام نے ملک کی لاکھوں غریب خواتین کو شناخت بھی  دی ہے۔ بی آئی میں شمولیت کیلئے قومی شناختی کارڈ اور ب فارم کو ضروری  قراردیا گیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری کی ہدایات پر نیا بینکنگ ماڈل متعارف کرایا تاکہ مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی جائے۔  انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کا کہنا تھا کہ ہنر آپ کا سرمایہ ہے۔ ہنر کو نہ تو  چھینا جاسکتا اور نہ ہی چرایا جاسکتا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ  غریب افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے بینظیر ہنر مند پروگرام کا آغازکیا جاچکا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے ملازمین کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے گورنر پنجاب سے  بی آئی ایس پی دفاتر کیلئے سرکاری عمارتوں کی فراہمی کا مطالبہ بھی پیش کیا۔   تقریب کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حید ر کو شیلڈ پیش کی۔ گورنر  پنجاب نے  آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر سردار شیراز اور   صدر بی آئی ایس پی آفیسرز ایسوسی ایشن  سردار عظمت کو شیلڈز دیں