فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امیرجماعت حافظ نعیم کی اپیل پر جمعہ 11اپریل کو سندھ بھرمیں احتجاج ہوگا،کاشف سعید شیخ

کراچی( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اورفلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر جمعہ 11اپریل کو کراچی تاکشمور سندھ بھرمیں احتجاج ہوگا۔جماعت اسلامی نے اپنی معمول کی تمام سرگرمیوں کو معطل کرکے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جمعہ کو سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے،ریلیاں ،جلسے اورسمینار منعقد کئے جائیں گے۔جن سے مرکزی،صوبائی اورضلعی رہنما خطاب کریں گے جبکہ علمائے کرام اپنے خطاب جمعہ میں اسرائیلی مظالم سے قوم کو آگاہ اورعالمی ضمیرکومتوجہ کرنے کے ساتھ غزہ پروحشیانہ بمباری پرمذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔

انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری بچوں وخواتین سمیت پچاس ہزارسے زائدلوگوں کے قتل نے پوری انسانیت کو شرمادیا ہے۔چوہوں اوربلیوں کے حقوق کی باتیں کرنے والے امریکہ مغرب اورعالمی ضمیر کی ہزاروں انسانوں کے قتل عام پرخاموشی شرمناک اوردوہرے معیار کی عکاسی ہے۔صوبائی امیر نے حلقہ خواتین ،جمعیت ،یوتھ سمیت تمام برادرتنظیمات کو ہدایات جاری کردیں ہیں کہ وہ جمعہ کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت اوراپنے اپنے پلیٹ فارم پر بھی اہل غزہ سے یکجہتی اورصہیونی مظالم پر احتجاج بلند کریں ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد اورحمایت جاری رہے گی۔امیر صوبہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ پوری دنیا اور خصوصی طور پر ملک کے حکمرانوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستانی قوم ڈالروں کے عوض بکنے والی نہیں اور پاکستانیوں اور فلسطینیوں کا رشتہ ایمان کا ہے،مظلوموں کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو روز محشر حضور پاک ۖ کو کیا منہ دکھائیںگے۔