کراچی کی مائیں بہنیں بیٹیاں ”غزہ یکجہتی مارچ” میں بھرپور شرکت کریں، جاوداں فہیم کی اپیل


کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کراچی کی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ امریکی پشت پناہی سے غزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت، فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف اور اہل ِ غزہ و فلسطین سے بھر پور اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے تحت اتوار13اپریل کو شاہراہ فیصل پر شام 4بجے ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”یکجہتی غزہ مارچ” میں بھرپور شرکت کریں اورانسانیت کی سلامتی و قبلہ اول کی آزادی کے لیے شاہراہ فیصل کو انسانوں سے بھر دیں،عوام کی قوت کے آگے ہر طاقت ڈھیر ہوجاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظمات اضلاع اور شعبہ جات کی نگراں سے ملین مارچ کی حتمی تیاریوں کے موقع پر کیا۔جاوداں فہیم نے مزیدکہاکہ کراچی کے مرد و خواتین ہمیشہ ہر موقع پر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیںاور دنیا تک شہر کی آواز پہنچاتے ہیں۔پرامن مزاحمتی تحریک کو اپنے زور بازو سے کامیابی تک پہنچانا ہے ۔

قبلہ اول مسلمانوں کی ملکیت ہے اسے نسل کشی کرنے والوں کے ہاتھوں میں نہیں رہنے دیں گے۔ کل کے مارچ کے بعد یہ مزاحمتی اور پر امن تحریک مزید زور پکڑے گی۔اور عوام کا جم غفیر مسلم حکمرانو ں کو جاگنے پر مجبور کر دے گا۔