ٹنڈو محمد خان (صباح نیوز) دریا سندھ پر چھ کینالز کی تعمیر کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی ،پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ سندھ کے صدر نثار کھوڑو ۔ ایم پی اے سید اعجاز حسین شاہ بخاری ۔
ایم پی اے خرم کریم سومرو و دیگر کی قیادت میں نکالی گئی ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھو دریا کا پانی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے دریا سندھ پر چھ کینالز کی تعمیر کے خلاف سندھ ا سمبلی سے قرار داد منظور کرواکر اس منصوبے کو رد کرچکے ہیں پیپلز پارٹی تمام ایوانوں سمیت سڑکوں پر بھی چھ کینالز کے خلاف احتجاج کررہی ہے ۔
پیپلز پارٹی کے چئیرمین نے کینالز کے خلاف 18 اپریل کو حیدرآباد میں احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے ۔ عوام کو بھر پور شرکت کی دعوت دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دریا سندھ پر کینالز کی تعمیر کے خلاف سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے آواز اٹھائی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ۔ اب سندھ میں چھوٹی چھوٹی تنظیمیں بھی اپنا چھوٹا چھوٹا احتجاج کرکے پیپلز پارٹی کی قیادت کو ٹارگیٹ کررہی ہیں ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے احتجاج کرکے عوام سے دلوں سے پیپلزرٹی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی محبت کو کمزور کردینگے لیکن سندھ کی عوام پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کرتی ہے ۔
سندھ کی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ہی اعتماد کا ووٹ دیا اور آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی ہی کو ووٹ دے گی کیوں کہ سندھ کی عوام سمجھتی ہے کہ پیپلز پارٹی ہی سندھ کا مقدمہ حقیقی معنوں میں لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔۔۔۔