کراچی کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں و تاجروں کا کل یکجہتی غزہ مارچ میں شرکت کا اعلان


کراچی(صباح نیوز ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اتوار 13 اپریل کو ہونے والے  یکجہتی غزہ مارچ میں شرکت کے لیے کراچی کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں کے رہنماؤں نے شرکت کا اعلان کر دیا ہے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی ہدایت پر ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی ،اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کراچی کے صدر محمود حامد نے ہفتہ کو بھی کراچی کی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات و یکجہتی مارچ میں شرکت کی دعوت دی، کراچی کے تاجر رہنماؤں نے مارچ کا بھر پور خیر مقدم کیا اور اسے امت کی آواز قرار دیا ۔

تفصیلات کے مطابق طارق روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدرالیاق میمن ،نائب صدر محمد اعظم ،لیاقت آباد کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر شاہزیب فاروق، حیدری مارکیٹ مینجنگ کمیٹی کے صدر سید اختر شاہد ، گارڈن موبائل آئل مارکیٹ کے صد زاہد امین، کلفٹن تاجر اتحاد کے رہنما راشد خان ،نازجنا ح پلازہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر سید نوید احمد نے جماعت اسلامی کے رہنما کو یقین دلایا کہ وہ اتوار 13 اپریل کو چار بجے  شاہراہ فیصل پر ہونے والے ”یکجہتی غزہ مارچ” میں بھرپور شرکت کریں گے۔ تاجر رہنماؤں نے جماعت اسلامی کے اس فیصلے کو خوش آئند فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ کراچی کے تاجروں اور عوام کا دل مسلم امہ کے ساتھ دھڑکتا ہے ، فلسطین میں ہونے والے وحشیانہ مظالم ناقابل برداشت ہیں ،

تاجر رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سفاکیت اور فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کو ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اس لیے کہ پاکستان کی فوج نے ہر موقع پر مسلم ُامہ اور اپنے وطن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی پاکستان میں ہماری فوج دفاع وطن کے لیے سرگرم عمل ہے۔ لہٰذا فلسطین کے معاملے میں مظلوموں کی دادرسی کے لیے ہمیں کھل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر ظالموں کا ہاتھ پکڑنا چاہیے، تاجر رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالی فلسطینیوں کو اس ظلم سے نجات عطا فرمائے اور قبلہ اول کو ازادی نصیب ہو۔