جو شخص اڑھائی3 سال سے کہیں چھپ کے کسی چوہے کی طرح بل میں بیٹھا ہوا ہے وہ کیا مارچ کرے گا خواجہ آصف

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی لانچ کی ہوئی جماعت ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔۔خواجہ آصف نے مراد سعید پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جو شخص اڑھائی3 سال سے کہیں چھپ کے کسی چوہے کی طرح بل میں بیٹھا ہوا ہے وہ کیا مارچ کرے گا،اسٹیبلشمنٹ بڑی دور کی بات ہے یہ پولیس کے ٹاٹ بننے کو تیار ہیں۔اعظم سواتی کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے کسی حد تک اسٹیبلشمنٹ سے بھی رابطے تھے اور وہ وقتا فوقتا بانی پی ٹی آئی سے پیغام رسانی کرتے رہے ہیں بانی پی ٹی آئی اصل میں منتوں ترلوں پہ آئے ہوئے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی اعظم سواتی کے ذریعے سے اسٹیبلشمنٹ کو نرم رویئے کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔یہ بڑھکیں مارنے والے لوگ ہیں یہ ظاہرا وہ نہیں ہیں جو اصل میں ہیں۔پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی لانچ کی ہوئی جماعت ہے، اسٹیبلشمنٹ نے ان کو پہلی حکومت دلوائی، اسٹیبلشمنٹ کے سہاروں اور بے ساکھیوں کے ساتھ یہ حکومت کرتے رہے جھگڑا صاحب کے ساتھ پارٹی نے جھگڑا ڈال لیا ہے کہتے ہیں وہ 78 کروڑ کھا گئے ہیں ایک پارٹی کے اندر دو تین درجن پارٹیاں ہیں کسی کا منہ مغرب کی طرف ہے کسی کا مشرق کی طرف، کسی کا جنوب کی طرف، کسی کا شمال کی طرف ہے یہ تو ٹی پارٹی بھی نہیں ہے، سیاسی پارٹی بڑی دور کی بات ہے۔