کوٹلی ۔ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر محمود الحسن چوہدری مرحوم کو کوٹلی آزاد کشمیر میں سپردخاک کر دیا گیا ہے ، وہ طویل علالت کے بعد اتوار کو انتقال کر گئے تھے۔ وہ سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج تھے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ بعد از نماز عصر مرکز جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کھنہ نزد برما پل لہتراڑ روڈ اسلام آباد میں ادا کی گئی ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے نماز جنازہ پڑھائی ، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔
بعد ازاں پیر کی صبح 10 بجے صبح کوٹلی میں سکندر حیات اسپورٹس اسٹیڈیم میں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ کے اجتماع سے چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ صدارقت حسین راجہ ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان، جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما میاں مقصود، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی ملک نواز سمیت کئی اہم شخصیات نے خطاب کیا اور محمود الحسن چودھری مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تیسری نماز جنازہ بعد نماز ظہر گواں میں ادا کی گی،
محمود الحسن چوہدری کوٹلی کے حلقہ راج محل کے رہنے والے تھے ان کی تدفین کوٹلی آزاد کشمیر میں کی گئی ۔مرحوم کی اہلیہ محترمہ رفعت عزیز سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر ہیں۔ محمود الحسن چوہدری سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان ، سابق ناظم جامعہ پنجاب یونیورسٹی لاہور ، سابق امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی ،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضلع کوٹلی، سابق جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان اور نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان رہے ہیں ۔