سری نگر : مقبوضہ جموں وکشمیر اسمبلی کو بتایا گیا ہے گزشتہ دو سالوں میں 83ہزار سے زائد بھارتی شہریوں کو جموں وکشمیر کی ڈومیسائل سند جاری کی گئی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر حکومت نے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے قانون ساز عبدالوحید پرہ کے ایک سوال کے تحریری جواب میں اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں35,12,184 افراد کو ڈومیسائل جاری کیے گئے ان میں سے 83ہزار سے زائد ڈومیسائل غیر مقامی افرادکو جاری کیے گئے ۔ مقبوضہ کشمیر حکومت کے اس اعتراف کے بعد اسمبلی زبردست ہنگامہ ہوا، ممبران اسمبلی نے احتجاج کیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے غیر مقامی افراد کو جاری کیے گئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کی اصل تعداد لاکھوں میں ہے۔یادر ہے کہ مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ علاقے میں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی لائی جسکا واحد مقصد غیر کشمیری بھارتی ہندوں کو علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرکے یہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔
