نہروں کے منصوبے کو متنازع بنانے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہیں ،محمد علی درانی

اسلام آباد(صباح نیوز) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ نہروں کے منصوبے کو متنازع بنانے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) ہیں ۔

بیان میں انہوں نے کہا کہ عوامی تائید اور آئینی تقاضے پورے کیے بغیر نہروں کے منصوبے پر کام ہوا تو یہ ایک اور کالا باغ ڈیم منصوبہ ثابت ہوگا نئی نہروں سے عام کسان، کاشتکار اور مقامی آبادی کو کیا فائدہ ملے گا؟ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن)کی اس پر مجرمانہ خاموشی عوامی ردعمل کا باعث بنی، سندھ کے عوام کی بے چینی اور احتجاج کی وجہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کی منافقت ہے جس سے فوج کو متنازع بنایا جا رہا ہے،

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)اقتدار کے لئے بھائی بھائی اور نہروں پر لڑائی کا مجرمانہ کھیل کھیل رہی ہیں، بلاول کا نہروں پر احتجاج اور مسلم لیگ (ن)کا صدر زرداری کی جانب سے منظوری دینے کا بیان، صوبوں کے عوام کو لڑانے کی سازش ہے پاکستان کے مفاد کے منصوبوں پر عوامی تائید پیدا کرنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری تھی جسے دانستہ پورا نہیں کیا گیا 9 مئی سے نہروں تک کے معاملات کی خرابی حکومتی سازشوں کا نتیجہ ہے۔