پاکستانی وفد کی 150ویں آئی پی یو اسمبلی تاشقند میں شاندار شرکت، عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب

تاشقند (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور رہنمائی میں پاکستانی پارلیمانی وفد 150ویں بین الپارلیمانی یونین  اسمبلی میں بھرپور انداز میں شرکت کر رہا ہے، جو اس وقت ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقد ہو رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں فعال شمولیت، حکمت عملی پر مبنی روابط، اور تسلسل کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستانی وفد نے اس عالمی فورم پر نمایاں تاثر قائم کیا۔ اسمبلی کے افتتاحی دن ایشیا پیسفک جیو پولیٹیکل گروپ  جس میں 36 ممالک شامل ہیں  سے تعلق رکھنے والے تین پاکستانی وفد ارکان کو بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی اہم کمیٹیوں میں کامیابی سے منتخب کیا گیا۔

واضح رہے کہ آئی پی یو دنیا بھر کی قومی پارلیمانوں کی عالمی تنظیم ہے، جو 181 رکن ممالک کی نمائندگی کرتی ہے۔یہ اہم کامیابیاں پاکستان کی فعال پارلیمانی سفارتکاری، رکن ممالک سے تعمیری روابط، اور چیئرمین سینیٹ کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے دوست ممالک سے حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ایک بھرپور اور مسابقتی انتخابی عمل کے بعد پاکستانی وفد کے درج ذیل ارکان نے آئی پی یو کی اہم باڈیز میں جگہ حاصل کی. سینیٹر فاروق ایچ نائیک  جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے مسلسل دوسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے۔ یہ کامیابی ان کی جمہوری حکمرانی اور انسانی حقوق کے لیے قیمتی خدمات کا اعتراف ہے۔سینیٹر آغا شاہ زیب درانی  بیورو آف ینگ پارلیمنٹیرینز کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ اس فورم پر اس سے قبل بھی اپنے گزشتہ سینیٹ کے دور میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد تین سال کے وقفے کے بعد ان کی دوبارہ واپسی ایک اہم پیشرفت ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک، ایم این اے  انسداد دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے قائم ہائی لیول ایڈوائزری گروپ کے رکن منتخب ہوئے۔ یہ پاکستان کے عالمی امن کے فروغ اور سیکیورٹی خطرات کے خلاف مثر کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستانی وفد کی متحدہ کاوشوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی پارلیمانی منظرنامے میں ایک مثر، مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستان کے جمہوری اقدار، نوجوانوں کی نمائندگی اور عالمی امن سے وابستگی کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ آئی پی یو پلیٹ فارم پر پاکستان کی فعال شمولیت کی بھی مظہر ہیں۔