کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے رکن عدنان گیلانی کے والد اور وی ٹرسٹ کے ٹرسٹی ضیاء الحق گیلانی انتقال کر گئے ، وہ کافی عرصے سے علیل اور گزشتہ رات سے مقامی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج تھے ، مرحوم کی نماز جنازہ مسجد اقصیٰ النور سوسائٹی فیڈرل بی ایریا میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میںوی ٹرسٹ کے چیئر مین پروفیسر شفیع ملک ،
امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج ، ٹرسٹ کے سیکرٹری و گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئر مین ڈاکٹر فواد ، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ ، سابق ٹاؤن چیئر مین گلبرگ فاروق نعمت اللہ ، ٹرسٹ کے وائس چیئر مین سلمان اشرف ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری شعیب احمد ،مرحوم کے اہلخانہ، عزیز و اقارب ، دوست و احباب اوراہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ضیاء الحق گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے صاحبزادے عدنان گیلانی و دیگر اہلخانہ سے دلی تعزیت ، مرحوم کی مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔