چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین نامزد

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے بانی چیئرمین کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔یہ اہم پیش رفت پاکستان کیلئے اہم سفارتی کامیابی ہے ۔آئی ایس سی سیول جنوبی کوریا میں قائم ایک عالمی فورم ہے جو پارلیمانی بحث مباحثہ کو فروغ دینے، پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور آبی قلت جیسے اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے لیے کام کرتا ہے۔یہ فیصلہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے حالیہ دورہ کوالالمپور، ملائیشیا کے دوران کیا گیا، جہاں انہوں نے انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے ایک خصوصی بریفنگ میں شرکت کی۔ یہ اجلاس سیول، جنوبی کوریا میں منعقد ہوگا۔اس سلسلے میں باضابطہ تقریب “ورلڈ سمٹ 2025” کے دوران منعقد کی جائے گی، جو یونیورسل پیس فیڈریشن (UPF) کے زیر اہتمام سیول، جنوبی کوریا میں ہوگی۔ اس سمٹ میں 150ممالک سے 500نمائندگان اور45 پارلیمانوں کے اسپیکرز شریک ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی شاندار قیادت کے اعتراف میں انہیں ایک ایوارڈ پیش کیا گیا، جس پر یہ عبارت کندہ تھی کہ وہ قانون ساز اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے اور امن، خوشحالی اور جمہوری اقدار کے مشترکہ عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے غیر متزلزل عزم رکھتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کوالالمپور کا دورہ اور ISC کے بانی چیئرمین کے طور پر ان کی تقرری پاکستان کی بین الاقوامی پارلیمانی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت اور اثر و رسوخ کو ظاہر کرتی ہے، خاص طور پر بین الاقوامی پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ اقتصادی و سفارتی اہداف کے حصول کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے جدید حل تلاش کرنے اور عالمی امن و خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ISC  چیئرمین گیلانی کی سربراہی میں پاکستان اور دیگر رکن ممالک کے لیے ایک اعلی سطحی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا،

جہاں نقطہ نظر کا تبادلہ، مضبوط پالیسیوں کی تشکیل، اور روایتی سفارتی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے شراکت داری قائم کی جائے گی۔کوالالمپور میں ISCبریفنگ سیشن کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ایک متاثر کن خطاب کیا، جس میں ان کے سیاسی نظریات اور پاکستان کی سفارتی پالیسی کا خلاصہ پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ISCمحض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک انقلابی اقدام ہے، جو باہمی انحصار، مشترکہ خوشحالی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اقدار کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب قانون ساز رہنما موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی عدم مساوات، تکنیکی تبدیلیوں اور جغرافیائی و سیاسی کشیدگی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ISCکے ایجنڈے کے مطابق تین اہم شعبوں یعنی موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، اور آبی قلت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔بین الاقوامی تعلقات میں اپنے وسیع تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے، چیئرمین گیلانی نے کہا کہ مکالمہ، جامعیت اور عوامی رابطے ہمیشہ ان کی سیاسی زندگی کی بنیاد رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) اور انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) جیسے دوسرے فورمز نے عالمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ نظریات کو عملی نتائج میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوششیں ایسی قابل عمل پالیسیوں میں ڈھلنی چاہئیں جو علاقائی استحکام، امن اور پائیدار ترقی کو یقینی بنائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے ISC کے کردار کو نہ صرف داخلی مسائل کے حل بلکہ کوریا کے جزیرہ نما اور اس سے آگے کے مسائل کے لیے جدید پارلیمانی حل پیش کرنے کے حوالے سے بھی اجاگر کیا۔ ان کا خطاب کانفرنس کے شرکاکی جانب سے خوب سراہا گیا، جس میں پاکستان کے علاقائی امن، اقتصادی استحکام اور عالمی پارلیمانی تعاون کے عزم کو نمایاں کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ کے ساتھ ایک وفد بھی شریک تھا، جس میں سینئر پارلیمنٹرینز اور بین الاقوامی نمائندگان شامل تھے۔ وفد میں شامل نمایاں شخصیات میں ملائیشیا کی پارلیمان کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر،تان سری داتو (ڈاکٹر)جوہری بن عبدل؛ ISC آرگنائزنگ کمیٹی کے شریک چیئر، چنگ وو لی؛ UPF انٹرنیشنل کے چیئرمین، ڈاکٹر چارلس ایس یانگ؛ ISC کے شریک چیئر اور نیپال کی وفاقی پارلیمان کے رکن،  ایک ناتھ دھکل؛ ملائیشیا کے سینیٹر، ڈاکٹر محض مطا محمد رملی؛ ایشین واٹر کونسل (AWC) کے سیکرٹری جنرل، ڈاکٹر چو یونگ دیوک؛ UPF ملائیشیا کے سیکرٹری جنرل، لائی پینگ کیونگ؛ ملائیشیا میں پاکستان کے سفیر، سید احسن رضا؛ اور ملائیشیا میں مقیم معروف پاکستانی بزنس مین، عثمان چوہدری شامل تھے۔ایک اور اہم پیشرفت میں سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کی پارلیمان کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر اور آسیان کے موجودہ صدر، تان سری داتو(ڈاکٹر)جوہری بن عبدل کے ساتھ اعلی سطحی مذاکرات بھی کیے۔اس ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ اور قریبی دوطرفہ اور بین الاقوامی پارلیمانی تعلقات کو سراہا۔ ملاقات میں پارلیمانی سفارت کاری کو مزید فروغ دینے کے لیے قانون سازی کے تبادلے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے بعد ملائیشیا کے اسپیکر نے چیئرمین سینیٹ اور ISC بریفنگ سیشن کے دیگر معزز شرکاکے اعزاز میں باضابطہ عشائیہ دیا۔ اسی طرح، ملائیشیا میں پاکستان کے سفیر، سید احسن رضا نے بھی چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پاکستان اور ملائیشیا کی دوستی اور باہمی شراکت داری کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔