برسلز(صباح نیوز)کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹوں کی طرف سے امریکہ سمیت دیگر ممالک میں مداخلت اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ علی رضا سید نے برسلز میںجاری ایک بیان میں امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی حالیہ رپورٹ پر شدید تشویش کااظہار کیا جس میں واضح طور پر کہا گیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را”بیرون ممالک دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ رپورٹ میں ”را” پر پابندی کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر ملکی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیاں عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب کر دیا ہے جبکہ را نے اسی طرح امریکہ میں بھی ایک اور سکھ رہنماء کو قتل کرنے کی کوشش کی ۔علی رضا سید نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے ملک کے اندر بھی مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے جبکہ اس نے حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں اضافہ ہوا ہے اور وہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دبائو ڈالے۔