امریکا پر واضح کردیا کہ دہشت گردی ہرگز برداشت نہیں کریں گے،طارق فاطمی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے آگاہ کیا ہے کہ دورہ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ سے جامع ملاقاتیں ہوئیں۔نجی ٹی وی سے انٹرویو میں طارق فاطمی نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتیں دوستانہ رہیں، خطے میں مشکل حالات میں پاک امریکا تعاون بامعنی رہا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی صدر کے اہم بیانات سامنے آچکے ہیں،

امریکا کو واضح کردیا کہ دہشت گردی ہرگز برداشت نہیں کریں گے، حال ہی میں پاکستان نے امریکا کو مطلوب اہم دہشت گرد پکڑ کر دیا۔معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد امریکا کے حوالے کرنے کے پاکستانی اقدام کو امریکی صدر نے سراہا، وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہترین معاشی تعاون ہو۔وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آنے کا امکان ہے۔