میانمار میں زلزلے سے تقریبا دو کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں اقوام متحدہ

ینگون(صباح نیوز)میانمار کے لیے اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر مارکولیگی کورسی نے  کہا ہے کہ زلزلے سے تقریبا دو کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔یو این نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میانمار کا کافی بڑا حصہ اس زلزلے سے متاثر ہوا ہے اور اندازے کے مطابق اس علاقے میں تقریبا دو کروڑ لوگ آباد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ادھر میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1600 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ بڑی بڑی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔

میانمار کی حکومتکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 1644 ہو گئی ہے، 3408 زخمی ہیں جبکہ 139 افراد تاحال لاپتا ہیں۔حکام نے کہا کہ سڑکوں، پلوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔اس وقت متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب روئٹرز نے اپنی رپورٹ میں ان سانئنسی نکات کی نشاندہی کی ہے جن کی وجہ سے یہ علاقہ جھٹکوں کی زد میں آیا اور مجموعی طور پر نقصان بھی زیادہ ہوا۔میانمار کی فوجی حکومت کے سربراہ جنرل من آنگ ہلاینگ نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے اور دیگر ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے۔تھائی لینڈ کے حکام نے ہلاکتوں کی تعداد نو بتائی ہے جبکہ 101 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں سے اکثریت ان مزدوروں کی ہے جو ایک گرنے والی عمارت کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کو تھائی لینڈ اور میانمار میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی ہے جس کی گہرائی صرف دس کلومیٹر تھی۔ماہر ارضیات کا کہنا ہے کہ میانمار میں آنے والے زلزلے سے 334 ایٹم بموں کے مساوی توانائی پیدا ہوئی۔سی این این کے کرس لا کی رپورٹ کے مطابق ماہر ارضیات نے بتایا کہ جمعے کے روز میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے سے 300 سے زائد ایٹم بم دھماکوں کے برابر توانائی پیدا ہوئی۔