مسجد اقصی میں نماز عیدالفطر کا روح پرور اجتماع، ہزاروں مسلمانوں کی شرکت

اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں اتوار کو عید الفطرمنائی گئی ۔ مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویۖ میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے اجتماع میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نماز عید کے اجتماعات میں شریک ہوئے۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے عیدالفطر کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ رمضان میں لاکھوں عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ زائرین کی خدمت کرنے کے لیے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔اسرائیل کے ظلم اور جبرکے شکار فلسطین میں بھی عیدالفطر آج منائی جارہی ہے، بے گھر فلسطینی مسلمان کھلے آسمان تلے، خوراک کی شدید قلت اور بے پناہ مسائل کے دوران عیدالفطر منا رہے ہیں، مسجد اقصی میں نماز عیدالفطر کا اجتماع ہوا

، جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی، نماز کی ادائیگی کے بعد دعا بھی کروائی گئی۔برطانیہ میں مسلمان کمونیٹی اس سال بھی منقسم ہوگئی، لندن سمیت برطانیہ کے کچھ شہروں میں بعض مسلم کمیونٹی  نے اتوار کو عید منائی ۔برمنگھم ،مانچسٹر اور بریڈفورڈ میں بعض مسلم کمیونٹی کل عید منائے گی، عمان ،بھارت ،بنگلادیش ،انڈونیشیا اور ملائیشیا میں عید کل منائی جائے گی۔لندن کے میئر صادق خان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آج کا دن دوستوں اور خاندان کے ساتھ مل بیٹھ کر خوشیاں بانٹنے کا دن ہے، انہوں نے عید کے اس پر مسرت دن کے موقع پر فلسطین اور سوڈان کے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہت سے مسلمان جنگ کے باعث پیاروں کے ہمراہ عید نہیں منارہے، اپنے پیاروں کے ساتھ عید نا مناسکنے والوں سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، امید ہے عید سب کو باہم جوڑنے کا باعث بنے گی۔کراچی میں بوہری برادری  نے بھی  اتوار کوعیدالفطر منائی ، صدر کے علاقے بوہری بازار کے قریب واقع طاہری مسجد میں عیدالفطرکی نماز ادا کی گئی۔سولجر بازار ۔ بلوچ کالونی ۔ نارتھ ناظم آباد میں بھی بوہری جماعت کے نماز کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں بوہری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، نماز عید کے بعد بوہری کمیونٹی کی جانب سے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔