صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت مسترد، دوسرے کیس میں گرفتاری پر انکوائری کا حکم

کراچی(صباح نیوز) عدالت نے صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت مسترد کردی جبکہ دوسرے کیس میں گرفتاری پر انکوائری کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی درخواست مسترد کردی۔ جبکہ دوسرے کیس میں گرفتاری کے معاملے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کو 15 دن میں انکوائری کا حکم دے دیا۔ فرحان ملک کو جیل بھیجنے کے بجائے دوسرے کیس میں گرفتار کرنے کے معاملے میں ڈائریکٹر ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوگئے۔

عدالت نے سوال کیا کہ یہ بتایاجائے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کس نیکی؟ فرحان ملک کو جیل منتقل کرنے کے بجائے دوسرے مقدمیمیں گرفتار کیوں کیا گیا؟بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے فرحان ملک کی دوسرے کیس میں گرفتاری کے معاملے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کو 15 دن میں انکوائری کا حکم دے دیا۔علاوہ ازیں، سندھ ہائیکورٹ نے صحافی فرحان ملک کے خلاف ایف آئی آر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فریقین کو 23 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔سندھ ہائیکورٹ میں صحافی فرحان ملک کے خلاف ایف آئی آر کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فرحان ملک کے خلاف مقدمات بے بنیاد اور بدنیتی کی بنیاد پر درج کیے جارہے ہیں، جب درخواست دائر کی گئی تو ایسا لگتا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کی جارہی ہے لیکن مقدمات کے تسلسل سے اندازہ ہوا کہ اس میں تفتیشی افسر ذاتی طور پر بھی ملوث ہیں۔بعد ازاں عدالت نے درخواست کے ٹائٹل میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیے۔واضح رہے کہ فرحان ملک نامور صحافی، ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم رفتار کے بانی اور  نجی ٹی وی کے سابق ڈائریکٹر نیوز ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی نے فرحان ملک کو 20 مارچ کو گرفتار کیا تھا، فرحان ملک کے خلاف گزشتہ 3 ماہ سے یہ انکوائری جاری تھی۔