سیکولر اور لادین قوتیں پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتیں،راشد نسیم

 کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے جامعہ ملیہ ملیر اور مسجد قبا گلشن اقبال کراچی میں شب بیداری کے پروگرمات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل فارم 47 والے حل کر سکتے ہیں اور نہ ہی فارم 45 والے۔ یہ سب ایک ہی جماعت کے مختلف چہرے ہیں جو وقتاً فوقتاً ادھر ادھر ہوتے رہتے ہیں۔ ملک میں اس وقت بھی انہی جماعتوں کی حکومتیں قائم ہیں، کسی کے پاس مرکز تو کسی کے پاس صوبے کی حکومت ہے، لیکن عوام کو صرف مہنگائی، غربت، بدامنی اور پریشانی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر اور لادین قوتیں پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتیں۔ اس ملک کو قرآن کی سربلندی کے لیے بنایا گیا جو رمضان المبارک کی 27ویں شب یعنی شبِ قدر کو معرض وجود میں آیا۔ جب تک یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوگا اس ملک کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوری، فوجی، سویلین اور مختلف تجربات کے باوجود عوام کو مسائل سے نجات نہیں ملی۔ گزشتہ ستر سال اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہر طرح کی حکومت ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسلامی قوتوں کو مضبوط کریں، کیونکہ یہی ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔