شب قدرکی خصوصی مناجات میں وطن عزیز ،عالم اسلام اور بالخصوص اہل فلسطین کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں ۔رخشندہ منیب

کراچی (صباح نیوز)شب قدر انتہائی قدرومنزلت، رحمتوں، برکتوں، بخشش، مغفرت اور اللہ سبحانہ وتعالی کے بے پناہ فضل وکرم اور انعامات کی رات ہے۔اس رات ہر توبہ کرنے والے کی توبہ قبول ہوتی ہے۔اور بارگاہ الہی میں مانگی گئی حاجات قبولیت پاتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے شب قدر کے حوالے سے خصوصی بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ خیر و برکت کی اس رات سے محروم رہ جانے والوں کا شمار بد نصیبوں میں ہوتا ہے اس لیے اس رات قیام اللیل کریں ۔عبادات و مناجات کے ذریعہ اپنے رب کو منا لیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی رحمت و خاص کرم سے ستائیسیوں شب کی مبارک رات ہی کو ہمیں آزاد وطن حاصل ہوا اس سرزمین کی نظریاتی و سرحدی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ہمیں رب سے رجوع کرتے ہوئے اس انعام کی حفاظت کے لیے متحد ہوکر وطن عزیز کو طاغوتی نظام سے نجات دلانے کے لیے کوشش کرنا ہوگی انہوں نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس رات کی خصوصی مناجات میں وطن عزیز ،عالم اسلام اور بالخصوص اہل فلسطین کو اپنی دعاں میں یاد رکھیں ۔