16روز بعد جعفر ایکسپریس ٹرین پشاورسے کوئٹہ کیلئے روانہ


 پشاور(صباح نیوز)جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال ہوگئی، ٹرین پشاور سے کوئٹہ کیلئے روانہ ہوئی۔ کوئٹہ روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس میں 280 مسافر سوار ہوئے ۔جعفر ایکسپریس ٹرین کو وفاقی وزیر امیر مقام اور ریلوے حکام کی موجودگی میں پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن سے روانہ کیا گیا۔

جعفر ایکسپریس پشاور سے روانہ ہو کر پنجاب، سندھ اور پھر بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد کل  سہ پہرپانچ بجے کوئٹہ پہنچے گی۔وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور و سیفران امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بلوچستان کی ترقی روکنا چاہتے تھے انہیں مایوسی ہوئی، وزیراعظم اور آرمی چیف ملکی سلامتی کے لئے  پرعزم ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے، کوئی سیاست نہ کرے، بانی پی ٹی کی ہدایت پر دی گئی آخری کال ٹھس ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ بھی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال مسترد کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی ان کا اپنا معاملہ ہے، کبھی اپنی جماعت سے کسی کو باہر کر دیتے ہیں اور کبھی کسی کو اندر کر دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مخصوص جماعت نفرت و شر انگیزی کا مظاہرہ کر رہی ہے، پی ٹی آئی اپنے سیاسی مفادات کے لیے دھرنے دیتی ہے۔ وفاقی وزیر نے اپوزیشن جماعتوں کی تحریکوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی تحاریک کا مقصد ملک اور صوبے کی ترقی نہیں بلکہ اسلام آباد پر قبضہ کرنا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت غیر مستحکم ہے اور ان کی پالیسیوں میں کوئی تسلسل نہیں۔  امیر مقام نے غیر قانونی افغان مہاجرین کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ ان کی واپسی کا عمل اٹل ہے اور حالات کے مطابق اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔یاد رہے کہ کوئٹہ سے اندرون ملک کے لیے ٹرین سروس 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے معطل تھی۔جعفر ایکسپریس کو ضلع کچھی کے علاقے میں دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔