پشاور (صباح نیوز) جنرل سیکرٹری اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہاہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی بہترین تربیت،خدمت اور تعلیمی معاونت فراہم کرنے والی ملک گیر منظم اور سب سے بڑی تنظیم ہے،اسلامی جمعیت طلبہ نوجوان نسل میں اسلام کے پیغام کو عام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ماہ رمضان ہمیں صبر،ایثار اور قربانی کا درس دیتاہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ مردان ڈویژن کے زیرِ اہتمام دارارقم سکول شیرگڑھ کیمپس میں گرینڈ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطارڈنر سے صوبائی جنرل سیکرٹری محدانیس،سابق صوبائی وزیر شاہ رازخان،قیم جماعت اسلامی ملاکنڈ رضوان اللہ مہمند،ممتاز عالم الدین مفتی ابراہیم محمدی اور ناظم ڈویژن صابرخلجی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک مقدس مہینہ ہے جو مسلمانوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لاتاہے،انہیں صبر استقامت اور تقوی کی راہ پر گامزن کرتاہے۔
وسیم حیدرکاکہناتھا کہ جمعیت ان صالح و باکردار نوجوانوں کا قافلہ ہے جنہوں نے نوجوانوں کو تعلیم کاشوق و آگے بڑھنے کا جذبہ بلکہ زندگی کے حقیقی مقصد سے آگاہی اور دنیا وآخرت کی کامیابی کے لئے ان کی کردار سازی کا بہترین فریضہ سر انجام دیا ہے۔ وسیم حیدر کا دارارقم کیمپس آمد پر شاندار استقبال کیاگیا۔ افطار ڈنر میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔