27رمضان المبارک کی رات پاکستان کا وجود میں آنا اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان میں قرآن کا نظام ہی نافذ ہو گا. ثمینہ احسان ، قدسیہ ناموس

اسلام آباد(صباح نیوز) ستائیس رمضان المبارک کی بابرکت رات امت مسلمہ بالخصوص بر صغیر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ حلقہ اسلام آباد قدسیہ ناموس نے 27ویں شب(جشن آزادی) اور عید الفطر کے موقع پر مشترکہ بیان میں کیا.انہوں نے مزید کہا کہ بکثرت فقہا کے نزدیک یہی وہ رات ہے جس میں اللہ تعالی نے قرآن مجید کے نزول کاآغاذ فرمایا. اس با برکت رات میں پاک وطن کا وجود میں آنا محض اتفاق نہیں , بلکہ اللہ کی طرف سے یہ طے کر دیا گیا کہ اس مملکت کا نظام یہی قرآن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بد قستی ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والے ملک میں اب  تک یہ انقلابی نظام نافذ نہیں ہو سکا۔ بانیان پاکستان اس حوالے سے مکمل یکسو تھے. آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس عظیم نعمت کی قدر کریں اور اسے حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کریں۔  ثمینہ احسان نے مزید کہا کہ عیدالفطر کا دن خوشی، یکجہتی اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں اس موقع پر اپنے غریب اور نادار بھائیوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ اسلامی معاشرہ باہمی اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ سے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم ہو تاکہ ہر شہری کو اس کے حقوق مل سکیں۔  انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی,  امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطینی  بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور اپنی زندگیاں قرآن و سنت کے مطابق گزارنے کا عزم کریں۔