کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے نائب ناظمہ کراچی ہاجرہ عرفان کے ہمراہ ملیر ہالٹ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے حاملہ خاتون اور اس کے شوہر کے جاں بحق ہونے پر ان کے گھر جا کر ملاقات و اظہار تعزیت کی۔جاوداں فہیم نے مرحومین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت و درجات کی بلندی کی دعاکی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ٹریفک پولیس ٹینکرز و ڈمپرز کے ڈرائیوروں کو لگام دینے اور شہریوں کے تحفظ میں بُری طرح ناکام ہو گئی ہے،بے لگام ٹینکرز و ڈمپرز جب چاہیں شہریوں کو کچل کر ان کی جان لے لیتے ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی، حکمران طبقہ عید کی آمد کے موقع پر عوام کو سہولیات دینے کے بجائے ان کی زندگی چھین رہا ہے۔
دندناتے ڈمپرز کو اگر نہ روکا گیا تو عوام اپنے تحفظ کے لئے خود آگے بڑھیں گے۔17 سالہ زینب اپنے شوہر اور بچے کے ہمراہ رب کے حضور پیش ہو گئی۔سانحہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔جماعت اسلامی خواتین کی رہنمائوں نے زینب کے گھر پر دعا بھی کروائی۔اس موقع پر ہاجرہ عرفان ،عائشہ عبدالواسع ،عنبرین بھی موجود تھیں ۔