سندھ حکومت کی رکاوٹوں کے باعث سانحہ بلدیہ فیکٹری کے شہداء کے لواحقین معاوضے سے محروم ہیں،سیف الدین ایڈوکیٹ

کراچی (صباح نیوز) سیف الدین ایڈوکیٹ نے تقریب تقسیم عید گفٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی رکاوٹوں کے باعث سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین جرمن کمپنی سے ملنے والے معاوضے سے محروم رہے ۔ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کی جانب سے ہرسال کی طرح امسال بھی سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے شہدا کے لواحقین اور اہلخانہ کے لیے عید گفٹ تقسیم و دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہدا ء کے ورثا ء شریک ہوئے، جن کو راشن اور عید الفطر کی مناسبت سے تحائف پیش کیے گئے، تقریب کی صدارت نائب امیرجماعت اسلامی کراچی وپبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈوکیٹ جبکہ مہمان خصوصی الخدمت کراچی کے سی ای او و نائب امیر کراچی نوید علی بیگ تھے، تقریب سے پبلک ایڈ کراچی کے سیکریٹری نجیب ایوبی،سانحہ بلدیہ فیکٹری کمیٹی کے انچارج صابر حسین، منظر عالم ودیگر نے بھی خطاب کیا،

تقریب میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی رکاوٹوں کے باعث سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین جرمن کمپنی سے ملنے والے معاوضے سے محروم رہے اور سندھ حکومت نے ہی ملنے والی رقم کوسیسی کے اکاؤنٹ میں ڈال کر معاوضے کی یکمشت ادائیگی  کے بجائے معمولی پنشن پر لوگوں کی زندگی کو مشکل بنادیا اس وجہ سے جب پنشنر کا انتقال ہو جاتا ہے تو اس کی کثیر رقم بنک میں ہونے کے باوجود ورثاء کو نہ پنشن ملتی ہے اور نہ اصل رقم۔ انہوں نے کہا کہ( ن) لیگ ،پی پی پی اور سب جماعتوں نے بڑے دعوے کئے، پلاٹ اور بڑی رقومات کے اعلانات کئے لیکن سب جھوٹ ثابت ہوا،جماعت اسلامی متاثرین سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیساتھ ہے اور آج بھی ان کے جائز حقوق و انصاف کی فراہمی اور معاوضے کی یکمشت ادائیگی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ عید الفطر کے بعد اس مسئلے کو ایک بار پھر اٹھایا جائیگااور ہر قسم کے آئینی وقانونی اور جمہوری راستے اختیار کیے جائیں گے۔ متاثرین کے نام پر کروڑوں روپے لینے والوں کو بھی بے نقاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام گوناگوں مسائل کاشکار ہیں، روزانہ حادثات وسانحے رونما ہوتے ہیں۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری بھی نا قابل فراموش سانحہ ہے، حکومت کو عوام کے مسائل ومشکلات سے کوئی سروکار نہیں آج بھی 259 سے زیادہ لوگوں کو زندہ جلانے والے مجرم سزا نہیں پا سکے۔ عدالتیں بھی انصاف دینے میں ناکام رہیں۔ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی نے کے الیکٹرک،نادرا، بحریہ ٹاؤن ودیگر ہاؤسنگ سوسائٹیز کے الاٹیز کے مسائل سمیت ہر مسئلے کو اٹھایا اور حل کروایا ہے۔ ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے اول روزسے متاثرین سانحہ بلدیہ ٹاؤن کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آگے بڑھ کر خدمت کی ہے آئندہ بھی ان کی معاونت اور اشک جوئی جاری رکھیں گے۔ بڑی بدقسمتی ہے کہ فیکٹری کو آگ لگانے والوں نے اپنے ہی لوگوں پر حملہ کیا اور اپنوں کو ہی مار ڈالا،ان کا یہ زخم آج بھی تازہ ہے۔نجیب ایوبی نے کہا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری ہمارے ملک کا نائین الیون ہے جس میں فیکٹری مالکان سے بھتے کی رقم کے تنازعے پر پوری فیکٹری کو آگ لگادی گئی اور تالے بھی بند کردئیے گئے تاکہ کوئی فرد باہر نکل کر اپنی جان تک نہ بچاسکے اور 259انسان اپنی جان سے چلے گئے اور افسوس کہ اس درندگی اور سفاکیت کا مظاہرہ کرنے والے اپنے انجام کو نہ پہنچ سکے۔صابر حسین نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت ہر سال رمضان المبارک میں متاثرین سانحہ بلدیہ کے لیے یہ تقریب سجاتی ہیں،جس میں سب مل کر ایک دوسرے کا دکھ درد اور غم بانٹتے ہیں۔ اپنے حق اور انصاف کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے، سندھ ہائی کورٹ میں نئے سرے سے رجوع کیا گیا ہے، معاوضے کی یکمشت ادائیگی کاہمارا دیرینہ مطالبہ آج بھی موجود ہے۔