مانچسٹر(صباح نیوز) معروف کاروباری شخصیت و چیئرمین پاکستانی کمیونٹی سینٹر مانچسٹر ہارون افضل کھٹانہ کی جانب سے پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم نے افطار ڈنر میں شرکت کی ۔ سفارت کاروں سے ملاقاتیں کیں ،باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کی گئی ۔ بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان کی قیادت میں برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی سابقہ لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار چیئرپرسن انٹرنیشنل لابی آن کشمیر، کونسلر نائلہ شریف چیئرپرسن JKSDMIUK اور دیگر ٹیم ممبران نے ہفتہ 22 مارچ 2025 کو پاکستان کمیونٹی سینٹر مانچسٹر کے زیر اہتمام ملٹی فیتھ افطار ڈنر میں شرکت کی۔ برطانوی نائب وزیراعظم (R.T.Hon) انجیلا رائنر ایم پی، لیڈر آف دی ہائوس آف کامنز یو کے (R.T.Hon) لوسی پاول ایم پی، گریٹر مانچسٹر کی ڈپٹی میئر کیٹ گرین، لارڈ واجد خان آف برنلے انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ فار فیتھ اینڈ کمیونیٹیز، ڈیبی ابراہمز ایم پی چیئرپرسن اے پی پی جی، کشمیر اور فلسطین کے بارے میں برٹش پارلیمنٹ کے ڈپٹی چیئرپرسن اے پی پی جی و دیگر نے شرکت کی۔ ریبیکا لانگ بیلی ایم پی، ڈاکٹر افضل خان ایم پی سی بی ای، بیرسٹر یاسمین قریشی ایم پی چیئرپرسن اے پی پی جی پاکستان، جیف اسمتھ ایم پی، جوش سائمنز ایم پی، دس سے زائد ممالک کے قونصل جنرلز، بزنس لیڈرز، کونسلرز شریک ہوئے۔ راجہ نجابت حسین نے اپنی اور اپنی ٹیم کی جانب سے ہارون افضل کھٹانہ کو افطار پارٹی منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمارے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے اور پروقار تقریب نہ صرف انتہائی اہمیت کی حامل ہے بلکہ ہماری تحریک کی خاتون رہنما کونسلر یاسمین ڈار کو اس تقریب کی میزبانی کا موقع فراہم کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں اور ہماری زبردست حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اس تقریب میں ہماری ٹیم کو متعدد ممالک کے سفارتکاروں کے ساتھ ملاقات کرنے کا موقع میسر آیا ہے اور یہ انتہائی خوش آئین حوصلہ افزا بات ہے جس کے انتہائی مثبت نتائج نکلیں گے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک اور ہماری ٹیم کے تمام عہدیداران و ممبران مقامی تنظیموں، کشمیر ، پاکستان و برطانیہ کے سیاستدانوں،ہم خیال سفارتکارروں، کمیونٹی رہنمائوں اور دیگر بااثر شخصیات و دوستوں کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرعزم رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان تعلقات کو مضبوط رکھیں گے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ نائب وزیر اعظم یو کے (R.T.Hon) انجیلا رینر ایم پی اور تمام برطانوی پارلیمنٹیرینز سے مل کر خوشی ہوئی جو ماضی میں بھی JKSDMI کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور انشااللہ مستقبل میں بھی ہم ایسے ہی مخلصانہ، مضبوط اور دیرپا روابط کی توقع رکھتے ہیں۔
