اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق ،ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان اور ناظمہ حلقہ اسلام آباد قدسیہ ناموس نے 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یوم پاکستان برصغیر میں اسلامی ریاست کے قیام کی جدوجہد کے آغاز کا دن ہے- 23مارچ 1940 قرارداد پاکستان سے 14اگست 1947 قیام پاکستان تک کا سفر مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کی داستان ہے۔ عظیم قائدین نے آگ اور خون کا دریا عبور کرکے آزاد وطن تو حاصل کرلیا مگر قوم ذہنی غلامی کے حصار سے آزاد نہ ہو سکی- نصف صدی سے زائد عرصہ گذرنے کے بعد بھی قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہ ہو سکے۔ نظریہ اسلام کی بنیاد پر گولیوں کا نشانہ بننے والوں کی اگلی نسل ہی غلامانہ معیشت ، سامراجی نصاب اور غیر منصفانہ عدالتی نظام کی بھینٹ چڑھنے لگے۔
اپنے قیام کے بعد سے ہی یہ وطن عزیز چند مخصوص خاندانوں اور وڈیروں کی ذاتی خواہشات کی نذر ہو گیا-اسلامی نظام کا قیام تو درکنار, حکمران طبقہ ملک کی نظریاتی و جغرافیاء حدود کا تحفظ تک نہ کر سکا -انہوں نے مزید کہا کہ قوم پر کء دہائیوں سے بطور حکمران مسلط چند خاندانوں نے ملک کی معاشرت , تعلیم , معیشت سب کچھ تباہ کر دیا-پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کا خواب آنکھوں میں سجائے ہمارے آباو اجداد رخصت ہو چکے لیکن جماعت اسلامی کی تحفظ نظریہ پاکستان کی جدوجہد کے نتیجے میں نسل نو نظریاتی انقلاب کا سورج طلوع ہوتا دیکھے گی-ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان نے کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے اور اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے آج پھر سے نظریہ پاکستان کو ذہنوں میں تازہ کرنے کی ضرورت ہے-
اس نظریاتی جدوجہد کے نتیجے میں نوجوان نسل اسلامی انقلاب جاگتی آنکھوں سے دیکھے گی اور کشمیر کی ازادی تکمیل پاکستان کی نوید لے کر دنیا کے نقشے پر جگمگائے گی ان شااللہ۔ناظمہ حلقہ اسلام آباد قدسیہ ناموس نے یوم پاکستان کے موقع پر کہا کہ پاکستان کی بڑی طاقت اس وقت نوجوان ہیں،اس لیے لازمی ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان کے اسلامی تشخص سے روشناس کروایا جائے تاکہ وہ اس کی بحالی کے لیے عملی جدو جہدکاحصہ بنیں