تہران (صباح نیوز) ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ حق و باطل کے معرکے میں فتح حق کی ہی ہوتی ہے۔ ہم نے کبھی بھی جنگ میں پہل نہیں کی ہے لیکن اگر کسی نے حماقت کی اور جنگ شروع کی تو اسے جان لینا چاہئے کہ منہ توڑ جواب دیں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے نئے ایرانی سال کے موقع پر اپنا سالانہ خطاب کہا کہ یہ نیا سال شب قدر کے باعث خاص اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے لیلتہ القدر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان بابرکت راتوں میں دعا اور تضرع کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایرانی سال کے دوران ایرانی عوام کی استقامت ، صبر و پائیداری اور شجاعت پوری دنیا پر آشکار ہوگئی اور دشمن کی دھمکیوں کے باوجود جمعہ نصر میں ایرانی عوام کی تاریخی شرکت نے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
سپریم لیڈر نے دنیا اور علاقے کی تازہ ترین صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ حق و باطل کے معرکے میں فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے البتہ اس کے لئے حق کو قربانیاں بھی دینی ہوتی ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے استقامت و پامردی کا نتیجہ دشمن اور خبیث ، فاسد اور فاسق صیہونی حکومت کی شکست ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی حکام کی دھمکیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا امریکیوں کو جان لینا چاہئے کہ ایران کو دھمکیاں دے کر وہ کچھ بھی حاصل نہیں کرسکیں گے اور امریکی اور ان کے ساتھ ساتھ دوسرے بھی یہ جان لیں کہ اگر انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف کوئی خباثت کی تو انہیں زور دار طمانچہ رسید کیا جائے گا۔
علاقے میں استقامتی تنظیموں کے بارے میں امریکی اور یورپی سیاستدانوں کے پروپیگنڈوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور یورپی سیاستدانوں کی ایک بڑی غلطی یہ ہے کہ وہ علاقے میں استقامتی محاذ کے مراکز کو ایران کی نیابتی یا پراکسی فورسز کا نام دیتے ہیں۔ یہ ان قوتوں کی توہین ہے۔ یمن کے عوام کے اپنے جذبے ہیں، اپنے اہداف ہیں۔ علاقے کی دیگر استقامتی تنظیموں کے اپنے اہداف اور مقاصد ہیں ایران کو کسی پراکسی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔