امریکہ سے  نکالے گئے جنوبی افریقہ کے سفیر کا وطن پہنچنے پر شانداراستقبال

کیپ ٹائون (صباح نیوز)امریکہ کی جانب سے فلسطین اور ایران کی حمایت کا الزام لگا کر ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر ملک سے نکالے گئے جنوبی افریقہ کے سفیر کا وطن پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا۔امریکہ میں تعینات سابق جنوبی افریقی سفیر ابراہیم رسول اپنی اہلیہ کے ہمراہ کیپ ٹائون ائیرپورٹ پر پہنچے تو عوام کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی،

عوام اس قدر زیادہ تھی کہ انہیں باہر جانے کے لیے پولیس کی مدد لینی پڑی۔ابراہیم رسول نے اپنے استقبال کے لئے آنے والے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کا مطلب آپ لوگوں کو بے عزت کرنا ہے لیکن جب آپ کو اس کے جواب میں عوام کی جانب سے ایسا والہانہ استقبال ملے تو میں ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کے بیج کو اپنے لیے فخر سمجھ کر پہنوں گا۔ا نہوںنے کہا کہ یہ ہماری خواہش نہیں تھی کہ ہم واپس آئیں لیکن ہم بغیر کسی افسوس کے واپس آئے ہیں، ہم امریکہ مخالف پالیسیوں کی وجہ سے واپس نہیں آئے بلکہ ہمیں اپنے مفادات امریکہ کی جھولی میں ڈالنے سے انکار کرنے پر بھیجا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے لئے اہم ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو فکس کیا جائے کیونکہ ٹرمپ نے ہمارے ملک کو سزا دی ہے اور ہم پر امریکہ مخالف پالیسیوں کا الزام عائد کیا ہے۔